نئی دہلی،8؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ہریانہ کے جھجھر ضلع میں پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے آٹھ لوگوں کی موت ہو گئی ہے، ان کی گاڑی کے ایک ٹرک سے متصادم ہو جانے کی وجہ سے یہ حادثہ رونماہوا ہے ۔حادثہ دہلی سے تقریبا 75کلو میٹر دور ماتور گاؤں کے قریب جمعہ دیر رات پیش آیا ہے ۔پولیس نے ہفتہ کو بتایا کہ سات افرادکی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ایک شخص نے روہتک کے پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پی جی آئی ایم ایس )میں شدید زخمی ہونے کی وجہ سے دم توڑ دیا۔متاثرہ خاندان مہندرازائلو کار میں سفر کر رہا تھا۔پولیس کے مطابق، ایسا لگتا ہے کہ دونوں گاڑیاں تیز رفتار میں تھیں ، ٹرک ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہو گیا، حادثے میں کار بری طرح تباہ ہو گئی ہے اور ہائی وے سے لگے کھیتوں میں پلٹ گئی ، متاثرہ خاندان روہتک کے قریب واقع بہادر گڑھ سے دادری کی طرف جا رہا تھا ۔